سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے افغان خارجی عبید اللہ سعد سمیت 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مکران ڈویژن کے ضلع تمپ میں بروقت کارروائی کر کے فتنہ الہندوستان کا بزدلانہ حملہ بری طرح ناکام بنا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم ڈسٹرکٹ میں سکیورٹی فورسز نے 8 ستمبر 2026 کو خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے منسلک افغان خارجی عبید اللہ سعد کو تین ساتھیوں سمیت جہنم واصل کیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا خارجی عبید اللہ سعد ولد غلام غوث صالحی افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاں شاہی قلعہ کا رہائشی تھا اور کالعدم فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا۔یاد رہے کہ عبید اللہ سعد پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے افغانستان سے دراندازی کرنے والے ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، جبکہ ملک کے امن و سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مکران ڈویژن کے ضلع تمپ میں بروقت کارروائی کر کے فتنہ الہندوستان کا بزدلانہ حملہ بری طرح ناکام بنا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسزنے ڈپٹی کمشنر تمپ کے پروٹیکشن سکواڈ پر دہشت گردوں کے حملے کو بروقت اوربھرپور کارروائی سے ناکام بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر تمپ کی گاڑی کو نشانہ بنا کر سکواڈ کو اغوا کرنے کی بزدلانہ سازش کی، سیکیورٹی فورسزکی موثر کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں مل گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنرتمپ کے سکواڈ کے تمام اہلکاروں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے سے بچا لیا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے، بروقت کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے متعدد حملہ آور دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔







