ضلع باجوڑ میں طلبہ کے لیے سکول بیگز کی فراہمی کے سلسلے میں ٹینڈر کا عمل مکمل ہونے کے باوجود مبینہ طور پر مزید کارروائی آگے نہ بڑھانے کی شکایات نے معاملے کو سنگین بنا دیا ہے۔ عوامی شکایات اور سامنے آنے والے سوالات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے پانچ دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق بچوں کو سکول بیگز کی فراہمی کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کیا گیا، تاہم اس کے بعد مبینہ طور پر ٹینڈر کو اوپن کرنے یا مزید محکمانہ کارروائی کے لیے آگے بڑھانے میں غیر معمولی تاخیر کے الزامات سامنے آئے ہیں۔اس معاملے میں DEO (Male) باجوڑ کا نام بھی زیرِ بحث آ رہا ہے، تاہم کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف حتمی ذمہ داری یا الزام کا تعین انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے انکوائری کے احکامات کے بعد اب اہم سوال یہ ہے کہ اگر ٹینڈر کے تمام قانونی اور محکمانہ تقاضے مکمل تھے تو کارروائی میں مبینہ تاخیر کیوں ہوئی؟عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سکول جانے والے بچوں کو بنیادی تعلیمی سہولیات کی بروقت فراہمی حکومت اور محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے۔ اگر کسی انتظامی غفلت، غیر ضروری تاخیر یا قواعد کی خلاف ورزی کے باعث بچوں کو ان کے حق سے محروم رکھا گیا تو اس کی ذمہ داری کا تعین ناگزیر ہے۔سکول بیگز اور فرنیچر کے سابقہ منصوبے بھی سوالیہ نشانباجوڑ میں سکول بیگز اور فرنیچر کی فراہمی کے حوالے سے یہ پہلا سوال نہیں۔ اس سے قبل بھی سکول بیگز اور فرنیچر کے لیے کروڑوں روپے کے منصوبوں کے مبینہ طور پر لٹکنے یا بروقت پایۂ تکمیل تک نہ پہنچنے کے معاملات سامنے آتے رہے ہیں، جس کے باعث محکمہ تعلیم کی خریداری اور منصوبہ بندی کے نظام پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ انکوائری کو محض رسمی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے ٹینڈر کا مکمل ریکارڈ، فائل موومنٹ، ٹینڈر کمیٹی کی کارروائی، منظوریوں اور تاخیر کی وجوہات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔اگر تحقیقات میں کسی افسر یا اہلکار کی جانب سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، غفلت یا غیر ضروری تاخیر ثابت ہوتی ہے تو متعلقہ قوانین اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ساتھ ہی محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بچوں کے مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے سکول بیگز اور دیگر ضروری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا عمل شفاف، قانونی اور بلاجواز تاخیر سے پاک بنایا جائے۔







