ہری پور میں پانچ سالہ آیت نور کے اغوا اور قتل کے کیس کی تحقیقات کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق انویسٹی گیشن برانچ کیس کی تفتیشی کمیٹی کی تحقیقات کی مسلسل نگرانی کرے گی۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ گزشتہ روز ہری پور کیس سے متعلق اہم مانیٹرنگ اجلاس منعقد ہوا، جبکہ کیس پر آئندہ ہفتے ایک اور فالو اپ اجلاس ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن برانچ ہری پور کیس کی تحقیقات کو کڑی نگرانی میں رکھے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تفتیش درست طریقے سے مکمل ہو اور کیس کو میرٹ پر حتمی شکل دی جائے۔آئی جی کے مطابق انویسٹی گیشن برانچ کیس کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لے گی تاکہ تفتیش کے تمام مراحل کو مثر انداز میں مکمل کیا جاسکے۔واضح رہے کہ ہری پور میں پانچ سالہ آیت نور کے اغوا کا واقعہ 10اگست کو پیش آیا تھا۔تقریبا 15روز تک تلاش کے بعد بچی کی لاش 24اگست کو ہری پور میں ایک کنویں سے برآمد ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرکے لاش کنویں میں پھینکے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔







