خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں فرنیچر کی غیر مساوی تقسیم کا انکشاف

خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں فرنیچر کی صورتحال سے متعلق خصوصی سروے میں 14 لاکھ 94 ہزار 287 نشستوں کی کمی کا انکشاف ہوا ہے، تاہم حیران کن طور پر صوبے کے بعض سکولوں میں ضرورت سے زیادہ 11 لاکھ 6 ہزار 800 نشستیں بھی موجود ہیں۔محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق اگر اضافی نشستوں کو ضرورت مند سکولوں میں منتقل کر دیا جائے تو صوبے میں فرنیچر کی مجموعی کمی نمایاں طور پر کم کی جا سکتی ہے۔ سروے کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کی مجموعی تعداد 55 لاکھ 39 ہزار 495 ہے، جبکہ قابل استعمال نشستوں کی گنجائش 51 لاکھ 52 ہزار 8 ہے۔اس حساب سے پورے صوبے کو ایک اکائی تصور کیا جائے تو طلبہ کے مقابلے میں 3 لاکھ 87 ہزار 487 نشستوں کی کمی بنتی ہے۔دوسری طرف تمام سکولوں میں صورتحال یکساں نہیں، رپورٹ کے مطابق 18 ہزار 426 سکولوں میں طلبہ کے مقابلے میں نشستیں ناکافی ہیں، جہاں مجموعی طور پر 14 لاکھ 94 ہزار 287 نشستوں کی کمی ہے۔اس کے علاوہ ہزاروں سکولوں میں ضرورت سے زیادہ فرنیچر موجود ہے اور وہاں 11 لاکھ 6 ہزار 800 اضافی نشستیں دستیاب ہیں۔محکمہ تعلیم کے سروے کے مطابق اگر ان سکولوں میں موجود اضافی نشستیں ان سکولوں کو منتقل کر دی جائیں جہاں فرنیچر کی کمی ہے تو مجموعی کمی میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔رپورٹ میں پرانے فرنیچر کی مرمت اور قابل استعمال بنانے کو بھی نشستوں کی کمی دور کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔سروے کے مطابق صوبے کے سرکاری سکولوں میں پرانے فرنیچر کے 53 لاکھ 85 ہزار 612 یونٹس موجود ہیں، ان میں سے 9.2 فیصد فرنیچر مرمت طلب جبکہ 2.6 فیصد ناقابل استعمال قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مرمت کے قابل پرانے فرنیچر کو بحال کرکے 3 لاکھ 72 ہزار 642 اضافی نشستیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 2 لاکھ 72 ہزار 713 نئے فرنیچر یونٹس میں سے 99.5 فیصد قابل استعمال ہیں، تاہم نئے فرنیچر کی فراہمی اب تک صرف 6 ہزار 857 سکولوں تک محدود رہی ہے، جو صوبے کے تقریبا 20.8 فیصد سکول بنتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مزید 26 ہزار 40 سرکاری سکول اب بھی نئے فرنیچر کے منتظر ہیں۔ سروے کا اہم انکشاف یہ ہے کہ اگر مرمت کے قابل پرانے فرنیچر کو بحال کرکے اس سے حاصل ہونے والی 3 لاکھ 72 ہزار 642 نشستیں استعمال میں لائی جائیں تو صوبے میں نشستوں کی خالص کمی کم ہو کر صرف 14 ہزار 845 رہ جائے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed