ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں پاک ایران سرحد کے قریب سرحدی محافظوں اور مسلح اسمگلروں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے، جس کے بعد ایرانی فورسز نے اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ قبضہ میں لے لیا ۔ خبر رساں ایجنسی فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سرحدی حکام نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ اقدام سرحدی علاقے میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے کی جانے والی کارروائی کے دوران سامنے آیا۔صوبہ سیستان و بلوچستان کے بارڈر گارڈز کے نائب کمانڈر نے بتایا کہ ہماری ٹیم نے کارروائی کے دوران چار آر پی جی سیون لانچرز، چھ اینٹی ٹینک آر پی جی گولے، چھ آر پی جی پروپیلنٹ چارجز، اے کے 47 رائفلز کے 2382 کارتوس اور ایم فور رائفلز کے 796 کارتوس برآمد کیے ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق یہ مہلک ہتھیار اور گولا بارود ملک میں تخریب کاری کی کارروائیاں کرنے اور بدامنی پھیلانے کی غرض سے اسمگل کیے جا رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق سرحدی فورسز نے موقع پر بروقت اقدام کرتے ہوئے ہتھیاروں کی اس بڑی کھیپ کو قبضے میں لے کر ملک کے اندر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے خطرے کو ٹال دیا ہے اور فی الوقت سرحدی علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔







