نیدرلینڈز میں سالانہ ریڈ ہیڈ فیسٹیول، دنیا بھر سے سرخ بالوں والے افراد کی شرکت

نیدرلینڈز کے شہر تلبرگ میں دنیا بھر سے سرخ بالوں والے افراد سالانہ ‘ریڈ ہیڈ ڈیز’ فیسٹیول میں شریک ہوئے، جہاں منفرد بالوں کے رنگ کو اپنی شناخت اور فخر کے ساتھ منانے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔رواں سال یہ میلہ 28 سے 30 اگست تک جاری رہا، جس میں مختلف ممالک اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 30 اگست کو شرکا نے مختلف تفریحی پروگراموں، اجتماعی تقریبات اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیا جبکہ سرخ بالوں والے افراد نے ایک دوسرے سے میل جول کے ساتھ اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔’ریڈ ہیڈ ڈیز’ کو دنیا میں سرخ بالوں والے افراد کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جاتا ہے۔ فیسٹیول کا مقصد محض تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ سرخ بالوں سے وابستہ افراد کے درمیان رابطے، باہمی قبولیت اور اپنی منفرد شناخت پر فخر کے جذبے کو فروغ دینا بھی ہے۔فیسٹیول کے دوران فوٹو شوٹس، مختلف ورکشاپس، تخلیقی اور کھیلوں کی سرگرمیوں، موسیقی، رقص، لیکچرز اور سماجی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ بچوں کے لیے بھی خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ خاندانوں اور سرخ بالوں والے افراد کے دوستوں نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔منتظمین کے مطابق تقریب میں سرخ، تانبے اور دیگر متعلقہ رنگوں کے بال رکھنے والے افراد کو خوش آمدید کہا جاتا ہے، جبکہ سرخ بال نہ رکھنے والے افراد بھی فیسٹیول میں شرکت کرسکتے ہیں۔’ریڈ ہیڈ ڈیز’ کا آغاز 2005 میں ہوا تھا، جب ایک ڈچ مصور نے سرخ بالوں والے ماڈلز کی تلاش کے لیے ایک اشتہار دیا۔ منتظمین کے مطابق اشتہار کے جواب میں توقع سے کہیں زیادہ لوگوں نے رابطہ کیا، جس کے بعد یہ غیر معمولی اجتماع سالانہ فیسٹیول میں تبدیل ہوگیا۔وقت گزرنے کے ساتھ ‘ریڈ ہیڈ ڈیز’ دنیا بھر سے سرخ بالوں والے افراد کے لیے ایک اہم عالمی اجتماع بن گیا، جہاں شرکا اپنی منفرد شناخت کا جشن منانے کے ساتھ مختلف ممالک سے آنے والے افراد سے ملاقات اور نئے تجربات بھی حاصل کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed