سوئٹزرلینڈ کے مالی یورگ ویزلی نے ایک فٹ 8.6 انچ لمبی مرچ اْگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا، وہ دنیا کی سب سے لمبی مرچ اْگانے کا اعزاز تیسری مرتبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یورگ ویزلی کی نئی اگائی گئی مرچ کی پیمائش 11 اگست کو سینٹ کے علاقے جونا میں منعقد ہونے والے سبزیوں کے ایک مقابلے کے دوران کی گئی، جہاں مرچ کی لمبائی ایک فٹ 8.6 انچ ریکارڈ ہوئی۔یورگ ویزلی نے پہلی مرتبہ اکتوبر 2017 میں ایک فٹ 5.7 انچ لمبی مرچ اْگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ انہوں نے اگلے ہی سال 2018 میں اپنا سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک فٹ 7.9 انچ لمبی مرچ اْگائی تھی۔اب نئی مرچ کی غیر معمولی لمبائی کے باعث انہوں نے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ مزید بہتر کرتے ہوئے تیسری مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرلیا۔یورگ ویزلی نے بتایا کہ وہ ہر سال مارچ میں مرچ کے بیج گھر کے اندر تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور مصنوعی روشنی میں اگانا شروع کرتے ہیں۔ اپریل کے آخر میں جب پالے کا خطرہ ختم ہوجاتا ہے تو پودوں کو باغ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ان کے مطابق مرچ کی اچھی اور صحت مند پیداوار کے لیے مٹی کو اچھی طرح تیار کرکے اس میں پختہ کمپوسٹ شامل کیا جاتا ہے، جبکہ پودوں کو باقاعدگی سے پانی اور متوازن کھاد فراہم کی جاتی ہے۔یورگ ویزلی نے کہا کہ کھاد کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے پودا مرچیں پیدا کرنے کے بجائے زیادہ پتے بنانے لگتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مناسب درجہ حرارت، روشنی، پانی، مٹی اور کھاد کا متوازن استعمال ہی بڑی اور صحت مند مرچیں اْگانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔







