بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے پر میٹا کو18ارب ڈالر جرمانہ

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے 48 امریکی ریاستوں کے اٹارنی جنرلز کے ساتھ 18 ارب ڈالر کے ایک تاریخی تصفیے پر اتفاق کر لیا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تصفیے کے نتیجے میں بچوں پر سوشل میڈیا کے نقصانات کے حوالے سے چلنے والا ایک بڑا وفاقی مقدمہ اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے، جس سے ٹیک کمپنیوں کی اپنے پلیٹ فارمز پر موجود مواد کے حوالے سے قانونی ذمہ داریوں کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔تصفیے کے تحت میٹا اپنی سروسز یعنی فیس بک اور انسٹاگرام میں بڑی تبدیلیاں متعارف کرائے گی جن میں 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے ان پلیٹ فارمز کے استعمال کی حد خودکار طور پر 2 گھنٹے مقرر کرنا بھی شامل ہے۔اس معاہدے میں ایک منفرد شرط رکھی گئی ہے جس کے تحت میٹا فی الحال تصفیے کی رقم کا صرف 70 فیصد حصہ ادا کرے گی جبکہ بقیہ 30 فیصد (تقریبا 5.3 ارب ڈالر) صرف اس صورت میں ادا کرے گی جب ‘ٹک ٹاک’ اور الفابیٹ کی ملکیت ‘یوٹیوب’ بھی کم عمر صارفین کے لیے اپنی ایپس پر روزانہ ایک گھنٹے کی خودکار حد مقرر کرنے پر متفق ہو جائیں اور ان میں سے ہر کمپنی ریاستوں کو تقریبا 5.3 ارب ڈالر جرمانہ ادا کرے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ خطیر رقم تصفیے پر دستخط کرنے والی ریاستوں میں ان کی آبادی کے تناسب سے 10 سال کی مدت کے دوران سالانہ اقساط کی صورت میں تقسیم کی جائے گی۔ اس معاہدے میں 48 امریکی ریاستیں اور 4 امریکی زیرِ انتظام علاقے (ڈسٹرکٹ آف کولمبیا، پورٹو ریکو، امریکن ساموا اور ناردرن ماریانا آئی لینڈز) شامل ہیں۔ ریاست نیو میکسیکو جس نے حال ہی میں میٹا کے خلاف ایسا ہی ایک اور مقدمہ جیتا تھا اور فلوریڈا فی الحال اس تصفیے کا حصہ نہیں ہیں۔پلیٹ فارم پر متفقہ طور پر کی جانے والی دیگر تبدیلیوں میں ‘نائٹ موڈ’ متعارف کرانا بھی شامل ہے جس کے تحت کم عمر صارفین کے لئے رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک ایپس خودکار طور پر بلاک رہیں گی۔ اس کے علاوہ ایک ‘اسکول موڈ’ بھی شامل کیا گیا ہے جو اسکول کے اوقات (صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک) کے دوران نوٹیفکیشنز کو غیر فعال کر دے گا اور یہ سیٹنگز صرف والدین کی باقاعدہ اجازت کے بعد ہی تبدیل کی جا سکیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed