ملک بھر کی عدالت میں یکساں ای فائلنگ نظام کے قیام پر غور

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور چیئرمین نیشنل جوڈیشل (پالیسی میکنگ)کمیٹی خیبر پختونخوا بار کونسل کے وفد سے مشاورتی ملاقات کی، جس میں ملک بھر کی عدالتوں میں یکساں اور معیاری ای فائلنگ نظام کے قیام پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔سپریم کورٹ آف پاکستان برانچ رجسٹری پشاور میں ہونے والی ملاقات میں خیبر پختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین کی سربراہی میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بار نمائندگان نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران شرکا کو مجوزہ نیشنل اسٹینڈرڈائزڈ ای فائلنگ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ مجوزہ نظام کو اس انداز میں ترتیب دیا جا رہا ہے کہ یہ عدالتی کارروائیوں سے متعلق قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مطابق ہو، جبکہ وکلا اور سائلین کیلئے فائلنگ کے عمل کو آسان اور موثر بنایا جا سکے۔مجوزہ نظام کے تحت سپریم کورٹ، ہائیکورٹس اور ضلعی عدالتوں میں الیکٹرانک فائلنگ کے لیے یکساں طریقہ کار اور معیاری ٹیمپلیٹس متعارف کرائے جائیں گے، جس سے مقدمات کی موثر ٹریکنگ، طریقہ کار میں یکسانیت اور عدالتی ریکارڈ کو ایک مربوط الیکٹرانک نظام میں محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔چیف جسٹس نے اس موقع پر کہا کہ بار کونسلز مجوزہ نظام کی بنیادی صارف ہیں، اس لیے معیاری ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کی تیاری اور ان کے مثر نفاذ میں وکلا کی رائے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ عملی تجاویز پیش کریں تاکہ نظام قابلِ رسائی، صارف دوست اور وکلا کی پیشہ ورانہ ضروریات کے مطابق ہو۔خیبر پختونخوا بار کونسل کے نمائندگان نے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے وکلا اور سائلین کی سہولت کے لیے ملک بھر میں الیکٹرانک فائلنگ کے یکساں نظام کی حمایت کا اظہار کیا۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرارز اور ہر صوبائی بار کونسل سمیت اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے نامزد دو، دو نمائندوں پر مشتمل کمیٹی معیاری ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دے گی۔ حتمی منظوری کے بعد مجوزہ فریم ورک نیشنل جوڈیشل (پالیسی میکنگ)کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا، جو اس حوالے سے ضروری پالیسی ہدایات جاری کرے گی۔یہ اقدام عدلیہ کے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی نظام کو جدید اور مربوط بنانا اور سائلین و وکلا کے لیے انصاف کی فراہمی کو مزید آسان، مثر، شفاف اور بروقت بنانا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed