ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک 2026کی پہلی ششماہی کے مالیاتی نتائج جاری کر دیئے

 

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کی منظوری دے دی ہے۔بینک نے 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران شاندار مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اعشاریہ 26 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع اور 5 اعشاریہ 78 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں قبل ٹیکس منافع میں 2 اعشاریہ 27 گنا اضافہ ظ ہے۔ جبکہ اس دوران فی شیئر آمدن 9 اعشاریہ 61 روپے رہی۔بینک کی مالی کارکردگی میں بہتری اس کے بنیادی کاروباری شعبوں میں مسلسل ترقی، صارفین کی تعداد میں اضافے، لین دین کے حجم میں اضافے اور افرادی قوت، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت میں مسلسل سرمایہ کاری کے باعث ممکن ہوئی۔بینک کی مجموعی آمدن میں سالانہ بنیادوں پر 30 اعشاریہ 50 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ قرضہ جاتی اور فیس پر مبنی آمدن، دونوں میں مضبوط پیش رفت کی عکاسی ہے۔ خالص مارک اپ آمدن میں 32 اعشایہ 46 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ قرضہ جات کے پورٹ فولیو اور ٹریژری سرمایہ کاری میں توسیع تھی، جبکہ صارفین کے ڈپازٹس میں نمایاں اضافے نے بھی اس نمو کو تقویت دی۔ اسی طرح فیس پر مبنی آمدن میں 28 اعشاریہ 34 فیصد اضافہ ہوا، جس میں ادائیگیوں کی خدمات، کلیکشنز، ڈسبرسمنٹس اور انشورنس مصنوعات کی بڑھتی ہوئی آمدن نے اہم کردار ادا کیا۔بینک کے آپریٹنگ اخراجات بڑھ کر 21 اعشاریہ 08 ارب روپے ہو چکے ہیں، کیونکہ بینک نے اسٹریٹجک ترقی کے مختلف اقدامات میں سرمایہ کاری جاری رکھی۔ ان اقدامات میں صارفین کے حصول کی مہم، مرچنٹ ایکو سسٹم کی توسیع اور ڈیجیٹل قرضہ جات کے حجم میں اضافے سے متعلق معاون اخراجات شامل ہیں۔30 جون 2026 تک بینک کے مجموعی اثاثوں کا حجم 232 اعشاریہ 58 ارب روپے رہا۔ صارفین کے ڈپازٹس میں سالانہ بنیادوں پر 67 اعشاریہ 37 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 158 اعشاریہ 58 ارب روپے ہو گئے۔ بینک نے ڈپازٹس کا مضبوط مکس برقرار رکھا، جس میں CASA تناسب 97 اعشاریہ 46فیصد اور کرنٹ اکانٹ تناسب 79 اعشاریہ 95 فیصد رہا۔بینک کے مجموعی قرضہ جات 31 اعشاریہ 11 ارب روپے تک پہنچ گئے، جس کے نتیجے میں ایڈوانسز ٹو ڈپازٹس کا تناسب 18 اعشاریہ 63 فیصد رہا۔ اثاثوں کا معیار بھی مستحکم رہا، جبکہ 90 دن سے زائد واجب الادا نان پرفارمنگ قرضہ جات 3 اعشاریہ 10 فیصد اور ان کی کوریج کا تناسب 159 اعشاریہ 63 فیصد رہا۔بینک نے اپنی مضبوط سرمایہ جاتی پوزیشن برقرار رکھی اور کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو 23 اعشاریہ 75فیصد رپورٹ کیا، جو ریگولیٹری تقاضے سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ مضبوط مالیاتی پروفائل، مستحکم اثاثہ جاتی معیار اور مضبوط کیپیٹلائزیشن کے اعتراف میں PACRA نے یکم جولائی 2026 کو بینک کی لانگ ٹرم اینٹیٹی ریٹنگ کو اپ گریڈ کرکے "AA-” کیا، جبکہ شارٹ ٹرم ریٹنگ "A1” برقرار رکھی۔ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر اور سی ای او جہانزیب خان نے مالیاتی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "2026 کی پہلی ششماہی کے دوران ہماری مضبوط منافع بخش کارکردگی ہمارے کاروباری ماڈل کی مضبوطی، لاکھوں صارفین کے ہمارے ادارے پر اعتماد اور پاکستان میں مالیاتی شمولیت کے فروغ کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ملک کے ایک نمایاں ڈیجیٹل بینک کی حیثیت سے ایزی پیسہ جدید اور صارف مرکز مالیاتی حل فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جو لوگوں اور کاروباری اداروں کی زندگیوں کو آسان بنانے اور انہیں بااختیار بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ہم اپنے صارفین، شراکت داروں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حکومت پاکستان کی رہنمائی اور مسلسل تعاون کے لیے شکر گزار ہیں، ہم پاکستان کو مزید جامع اور ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی جانب لے جانے کے عمل کو تیز کر رہے ہیں۔ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف فنانشل آفیسر امین سکھیانی کا کہنا ہے کہ ہماری مضبوط کارکردگی صارفین کی خدمت، ڈیجیٹل جدت اور بڑھتے ہوئے مرچنٹ ایکو سسٹم پر ہماری مسلسل توجہ کی عکاس ہے۔ ہم اسلامی بینکاری اور فارن ایکسچینج مصنوعات کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے BNPL (Buy Now, Pay Later) اور کریڈٹ کارڈز جیسی سہولیات میں بھی توسیع کر رہے ہیں۔ یہ اقدامات ہمارے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنانے اور آسان، جامع مالیاتی خدمات تک رسائی کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔60 ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین کے ساتھ، ایزی پیسہ ملک کا پہلا ڈیجیٹل بینک ہے جس نے باقاعدہ کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا۔ بینک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مالیاتی شمولیت کے ذریعے جامع معاشی ترقی کے وژن سے ہم آہنگ رہتے ہوئے ادائیگیوں، قرضہ جات، ترسیلات زر، انشورنس اور ڈیجیٹل لائف اسٹائل سروسز سمیت مختلف شعبوں میں اپنی مصنوعات اور خدمات کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔بینک کا مقصد پاکستان میں مالیاتی شمولیت کو تیز کرنا اور ملک بھر میں رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی کو وسعت دینا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed