محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ اور بنوں ڈویڑن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد رہا۔چترال میں 17، دیر میں 19، مالم جبہ میں 21 اور سیدوشریف میں 24 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں میں درجہ حرارت 32، ڈیرہ اسماعیل خان میں 33 جبکہ ایبٹ آباد میں 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔







