وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔درخواست گزار چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے درخواست دائر کی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عبوری حکم جاری کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی، یہ حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے،اس پر نظرثانی ہونی چاہیے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی، اس سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی جس پر بانی پی ٹی آئی نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 561-A کے تحت علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 مارچ 2026 کو یہ درخواست مسترد کر دی، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 میں قیدی کو جیل سے باہر اسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار واضح طور پر موجود ہے۔ واضح رہے سپریم کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کو دو دن کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔







