نوجوان علاقے کی ترقی کا بنیادی ستون ہیں,حاجی سدید الرحمن

تحریک انصاف کے رہنماء، سینئر نائب صدر مالاکنڈ ڈویژن اور سابق چیئرمین تحصیل بشام حاجی سدید الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور علاقے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرنے والی قوت ہیں، نوجوان اپنے علاقے کے مسائل کے حل اور اجتماعی مفاد کیلئے متحد ہو کر مؤثر آواز بلند کریں ان کے جائز مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ دندئی میں یوتھ آف لیلئی دندئی کے 40 رکنی نمائندہ جرگے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یوتھ آف لیلئی دندئی کے نمائندہ جرگے نے علاقے کو درپیش مختلف مسائل اور عوامی ضروریات سے حاجی سدید الرحمن کو آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تفصیلی گفتگو کی۔حاجی سدید الرحمن نے یوتھ آف لیلئی دندئی کے نوجوانوں کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو اطمینان اور غور سے سنا اور علاقے کے مسائل کے حل کیلئے نوجوانوں کے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان اگر اجتماعی سوچ اور باہمی اتحاد کے ساتھ اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کریں تو بنیادی مسائل کے حل میں نمایاں پیش رفت ممکن ہے۔ملاقات کے دوران یوتھ آف لیلئی دندئی کے نمائندوں نے مسلم آباد، لیلئی روڈ پر ایچ سی سی تعمیر کرنے کا مطالبہ پیش کیا۔ اس موقع پر حاجی سدید الرحمن نے یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ سڑک کی بہتری کیلئے جلد فنڈز کی فراہمی کے بعد ان شاء اللہ تعمیراتی کام کا آغاز کرانے کی کوشش کی جائے گی۔جرگے نے علاقے میں قائم پرائمری سکول کو مڈل لیول تک اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ لیلئی دندئی کے بچوں کو پرائمری تعلیم مکمل کرنے کے بعد مڈل کی تعلیم کیلئے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے اس لیے مقامی پرائمری سکول کو مڈل کا درجہ دیا جائے تاکہ علاقے کے بچے اپنے گاؤں میں ہی مڈل تک تعلیم حاصل کر سکیں۔حاجی سدید الرحمن نے اس مطالبے کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیلئی دندئی میں مڈل سکول کے قیام یا موجودہ پرائمری سکول کی اپ گریڈیشن کے معاملے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شانگلہ، سیکرٹری تعلیم اور صوبائی وزیر تعلیم سے ملاقات کی جائے گی اور علاقے کے بچوں کے تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔یوتھ آف لیلئی دندئی کے نمائندہ جرگے نے حاجی سدید الرحمن کی جانب سے علاقے کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مسلم آباد، لیلئی روڈ اور سکول کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed