پشاور میں پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) خیبرپختونخوا کا ایک اہم مشاورتی اجلاس صوبائی سینئر نائب صدر امجد علی شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ممبران پی ایس آر اے سید انس تکریم کاکاخیل، فضل اللہ داودزئی اور صوبہ بھر سے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں منظور کی گئی متفقہ قرار داد کے ذریعے صوبائی صدر کی جانب سے جاری کردہ مبینہ غیر قانونی نوٹیفکیشنز کو مسترد کرتے ہوئے 15 دن میں ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس بلانے اور مصالحتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ نجی سکول انڈسٹری نہیں لہٰذا ان پر عام لیبر قوانین لاگو نہیں ہونے چاہئیں۔ اس کے علاوہ میٹرک امتحانات میں بدانتظامی پر تعلیمی بورڈ کے تھرڈ پارٹی آڈٹ اور فیسوں میں حال ہی میں کیے گئے اضافے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عدم توجہی پر عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا گیا۔







