پشاور ہائیکورٹ نے افغان تاجر اور ان کے خاندان کی ویزا میں توسیع نہ کرنے کیخلاف دائررٹ پر زیر التوا کیس پر متعلقہ حکام کو 15 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔رٹ پر جسٹس وقاراحمد نے سماعت شروع کی تو اس موقع پر ڈپٹی آٹارنی جنرل اور نادرا کے لیگل ایڈوائزر شاہد عمران گیگیانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کوبتایاگیاکہ نور جان احمد زئی پشاور میں ٹرانسپورٹ اور لکڑی کے کاروبار سے وابستہ معروف تاجر ہیں جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کیساتھ رجسٹرڈ ٹیکس دہندہ ہیں جن کا این ٹی این نمبربھی ہے۔انکی وکیل ثناگلزارنے بتایاکہ درخواست گزار سرحد چیمبر آف کامرس کے ممبر بھی ہیں اورمختلف مالیاتی اداروں میں ان کے فعال بینک اکاونٹس ہیں۔ وہ دیگر 12 افرادکے ہمراہ بڈھ بیر میں رہائش پذیر ہیں تاہم ان کے ویزے میں توسیع نہیں دی جارہی ہے ۔عدالتی حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کا بنیادی تنازعہ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اسلام آباد کی جانب سے ویزا درخواستوں پر بروقت فیصلہ نہ کرنا اور انتظامی سستی سے متعلق ہے







