سابق ایم پی اے اور ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین شفیق آفریدی نے یومِ آزادی کے موقع پر لنڈی کوتل کے ایک تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء و اساتذہ کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا، شجرکاری کے تحت پودا لگایا اور ملک کی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفیق آفریدی نے پاکستان کے قیام اور بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور طلباء پر زور دیا کہ وہ سچائی، دیانت داری، اچھے کردار اور تعلیم کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طلباء ہی مستقبل کے ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، سائنس دان اور قومی رہنما ہیں، اس لیے انہیں بہتر تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل علم، ادب، ثقافت اور روایات کی زرخیز سرزمین ہے، جہاں کے لوگوں نے امن، بھائی چارے اور مہمان نوازی کی شاندار روایات قائم کی ہیں۔ تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی بہتر تربیت سے لنڈی کوتل، خیبر اور پورا خطہ امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بن سکتا ہے۔







