جمرود شاہ گئی پاک افغان شاہراہ پر رکشہ بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو 1122 خیبر کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور حادثے میں جاں بحق افراد کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد میں سے ایک کی شناخت محمد یاسین ولد محمد نصیر، حال پشاور کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔تمام جسدِ خاکی جمرود سول ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔دوسری جانب منگلور شالدرہ کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث فیلڈر گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو 1122 سوات کے ترجمان کے مطابق حادثے کا شکار گاڑی میں مجموعی طور پر 10افرادسوار تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 4شدید زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے سیدو شریف کے مرکزی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ 3بچوں کو مقامی گاڑی کے ذریعے منگلور ہسپتال منتقل کیا گیا۔







