حلقہ این اے-32 پشاور سے رکن قومی اسمبلی آصف خان نے یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر اہلِ وطن، بالخصوص پشاور کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔آصف خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں اتحاد و یکجہتی، نظم و ضبط اور قومی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیںایم این اے آصف خان نے خیبر پختونخوا کے شہدا، غازیوں، پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسران و جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کرے گیانہوں نے کہا کہ پشاور کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت کا عملی ثبوت دیا ہے اور ہمیں جشنِ آزادی کی خوشیوں کو قومی ذمہ داری، بھائی چارے اور نظم و ضبط کے ساتھ منانا چاہیے ،آصف خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کو اپنائیں اور پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، خطرناک ڈرائیونگ اور ہلڑ بازی سے اجتناب کیا جائے اور آزادی کی خوشیوں کو پرامن اور ذمہ دارانہ انداز میں منایا جائے۔ایم این اے آصف خان نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، خوشحالی، استحکام اور ترقی عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔







