مہمند میں شدید طوفان سے 50جریب ورٹیکل فارمنگ تباہ

ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں گزشتہ شب آنے والے شدید طوفان نے بڑے پیمانے پر ورٹیکل فارمنگ کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں 100 جریب رقبے پر کھڑی مختلف سبزیوں کی فصلیں متاثر جبکہ تقریبا 50 جریب پر قائم فارمنگ مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی۔ متاثرہ زمیندار کے مطابق طوفان سے فصلوں اور فارمنگ کے بنیادی ڈھانچے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔متاثرہ زمیندار اسرائیل خان نے بتایا کہ انہوں نے 100جریب زمین سالانہ 30لاکھ روپے کے اجارے پر حاصل کر رکھی ہے۔ ورٹیکل فارمنگ کی تیاری، بیج، کھاد، زرعی ادویات، تار، لکڑی اور مزدوری سمیت دیگر اخراجات پر اب تک تقریبا تین کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں، تاہم گزشتہ شب معمولی بارش کے دوران آنے والے شدید طوفان نے تقریبا 50جریب پر قائم فارمنگ کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ فصلیں تقریبا تیار تھیں، تاہم طوفان سے ہونے والے نقصان کے بعد اب فارمنگ ان کیلئے مزید فائدہ مند نہیں رہی۔ نقصان کے بعد تیار سبزیوں کی کٹائی کا کام شروع کردیا گیا ہے، جس میں تقریبا 25 مزدور مصروف ہیں، جبکہ کٹائی اور صفائی کے عمل پر مزید 6سے 7لاکھ روپے خرچ آنے کا امکان ہے۔اسرائیل خان کے مطابق وہ گزشتہ سات سال سے بڑے پیمانے پر ورٹیکل فارمنگ کے ذریعے مختلف سبزیاں کاشت کررہے ہیں، جن میں کریلا، آریا، گول کدو، ٹماٹر، مرچ، شملہ مرچ اور بینگن شامل ہیں۔ ان کی پیداوار ملک کی مختلف منڈیوں کے علاوہ اعلی معیار کی سبزیوں کی صورت میں خلیجی ممالک کو بھی سپلائی کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فارمنگ کے ذریعے علاقے کے تقریبا دو درجن مزدوروں کو روزگار بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ طوفان سے ہونے والے نقصان کے باعث نہ صرف ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے بلکہ مقامی مزدوروں کے روزگار کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔متاثرہ زمیندار نے صوبائی حکومت، متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے سے مطالبہ کیا ہے کہ طوفان سے ہونے والے نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے اور متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنا ذریعہ معاش دوبارہ بحال کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے کے مزدوروں کو بھی روزگار فراہم کرسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed