وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق خبریں انتہائی تشویشناک ہیں، ان کی صحت سے متعلق حقائق فوری طور پر قوم کے سامنے لائے جائیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے ساتھ کسی بھی قسم کا کھلواڑ ناقابل برداشت ہے، سابق وزیراعظم سے ملاقاتوں پر مسلسل پابندی وفاقی اور پنجاب حکومت کی آمرانہ طرز حکمرانی کی عکاسی کرتی ہے۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فیملی، پارٹی قیادت، کارکنان اور پوری قوم ان کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہے، ہمارا مطالبہ ہے فوری طور پر عمران خان سے ان کی بہنوں اور ذاتی معالجین کی ملاقات کرائی جائے، عمران خان کے ذاتی معالجین کی نگرانی میں سب سے بہترین ہسپتال میں انکا علاج کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گزشتہ 9 ماہ قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، ان کی فیملی، ذاتی معالجین اور سیاسی قیادت کو ان تک رسائی نہیں دی جا رہی، دوسری جانب ماضی میں نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ریلیف دیا گیا تھا جبکہ مریم نواز کو بھی نواز شریف کی تیمارداری کیلئے طبی بنیادوں پر ضمانت دی گئی تھی، وفاق اور پنجاب میں برسر اقتدار حکمران معمولی بیماری کی صورت میں بھی بیرون ملک علاج کرواتے ہیں، لیکن عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی کو بنیادی طبی سہولیات اور ذاتی معالجین تک رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی نے کوئی غیر آئینی یا غیر قانونی مطالبہ نہیں کیا، عمران خان سے ملاقات اور انہیں طبی سہولیات کی فراہمی ان کا بنیادی آئینی و قانونی حق ہے، لیکن بدقسمتی سے وفاق اور پنجاب میں برسر اقتدار جعلی حکومتیں آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف کررہی ہے۔ شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب بھرپور لانگ مارچ ہوگا کیونکہ لانگ مارچ کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا، عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے ہماری آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔







