حکومت نے ٹریلین ڈالر اکانومی کے ہدف کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے 12 اگست کو ویژن پاکستان 2047 لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ویژن پاکستان 2047 پروگرام کا باضابطہ آغاز کریں گے، جس کے تحت ملکی معیشت، ترقی اور مستحکم معاشی گروتھ کیلئے طویل المدتی پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ویژن پاکستان 2047 کے تحت نوجوان نسل کو مستحکم معاشی ترقی، خوشحالی اور انوویشن کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خصوصی پروگرام بھی شامل کئے جائیں گے۔حکومت نے وزارت منصوبہ بندی کے اڑان پاکستان پلان کو بھی ویژن پاکستان 2047 کے مطابق تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں سے ویژن پاکستان 2047 کیلئے اہداف طلب کر لئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویژن پاکستان 2047 کیلئے تمام وزارتوں کو سٹریٹجک اہداف، اصلاحات اور طویل المدتی ترقیاتی ایجنڈا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نیشنل ڈویلپمنٹ، اکنامک ٹرانسفارمیشن، ہیومن کیپیٹل ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی سے متعلق اہداف بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ویژن پاکستان 2047 میں موسمیاتی پائیداری اور گورننس ریفارمز جیسے اہم شعبوں کے اہداف بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







