شانگلہ میں پاکستان تحریک انصاف میں بڑی سیاسی شمولیت،سابق ناظم افسرالدین نے اپنے عزیز و اقارب اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر منعقدہ شمولیتی تقریب نے جلسے کی شکل اختیار کرلی جس میں پی ٹی آئی کے ضلعی رہنماں، سرگرم کارکنوں، مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شمولیتی تقریب پیر کے روز شانگلہ پریس کلب الپوری میں منعقد ہوئی جس کی صدارت پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی سیدیدالرحمن نے کی۔ تقریب میں یونین کونسل پیر آباد سے تعلق رکھنے والے سابق ناظم افسرالدین نے اپنے عزیز و اقارب اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ سے باقاعدہ طور پر مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماں اور کارکنوں نے نئے شامل ہونے والے سابق ناظم افسرالدین اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ حاجی سیدید الرحمن نے نئے شامل ہونے والے افراد کو پی ٹی آئی کیپ اور مفلر پہنائے اور امید ظاہر کی کہ افسردین اور ان کے ساتھی اپنے علاقے اور یونین کونسل میں پاکستان تحریک انصاف کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔انھوں نے کہا کہ افسرالدین کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پارٹی کے دیگر ساتھی بھی مزید مضبوط اور فعال ہوں گے اور پارٹی کی تنظیمی قوت میں اضافہ ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماں نے کہا کہ اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور موجودہ بحرانوں کا واحد حل پاکستان تحریک انصاف ہے جو دوبارہ اقتدار میں آکر ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بے گناہ جیل میں رکھا گیا ہے حتی کہ اب اقتدار میں شامل پارٹی کے لوگ بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کو ناحق جیل میں رکھا گیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔پی ٹی آئی رہنماں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ایک سکے کے دو رخ ہیں جبکہ اس وقت ان دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات کا تاثر صرف عوام کو بیوقوف بنانے کے کوشش ہیں۔ ان رہنماں کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے مل کر پاکستان کو دیوالیہ کردیا ہے، معیشت کی حالت انتہائی خراب ہے اور ملک پر روزانہ کی بنیاد پر آئی ایم ایف اور بیرون ملک سے قرضوں کا بوجھ بڑھتا جارہا ہے جو ان دونوں جماعتوں کی نااہلی کا ثبوت ہیں۔پی ٹی آئی رہنماں نے کہا کہ ملک میں موجودہ معاشی، سیاسی اور عوامی مسائل کا خاتمہ صرف تحریک انصاف کی قیادت میں ممکن ہے اور عوام کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلانے کے لیے تحریک انصاف ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو درست سمت میں لے جاسکتی ہے۔







