خیبرپختونخوا میں پاک فوج کی جانب سے فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کے لیے چار ہفتوں پر محیط خصوصی آپریشنل تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہوگیا۔جلوزئی کیمپ نوشہرہ میں منعقدہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب میں کور کمانڈر پشاور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آپریشنل ٹریننگ پروگرام میں 9 پلاٹونز پر مشتمل فیڈرل کانسٹیبلری کے 187 جوانوں نے تربیت مکمل کی۔اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے جوانوں کے بلند حوصلے، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر پشاور نے کہا کہ جدید سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اعلی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت اور آپریشنل تیاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ جوان ہی قومی سلامتی، داخلی امن اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔کور کمانڈر پشاور نے کہا کہ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کی بہادری، نظم و ضبط اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تربیتی پروگرام کے اختتام پر جوانوں نے حاصل کردہ پیشہ ورانہ مہارتوں اور آپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔







