9 مئی مقدمات ‘ 4 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری واپس

پشاور کی سیشن کورٹ نے 9 مئی کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران چار نامزد ملزمان کے بلاک شناختی کارڈز ان بلاک کرنے، ان کے خلاف اشتہاری کارروائی ختم کرنے اور گرفتاری کے وارنٹ واپس لینے کا حکم دے دیا جبکہ ایک ملزم کی وفات کی تصدیق کیلئے متعلقہ ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کرلی، سماعت کے دوران صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، سابق ضلع ناظم ارباب عاصم، سابق سینیٹ امیدوار عرفان سلیم سمیت 27 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کاشف مرزا نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے ملزمان یونس ظہیر، جلال، اسد اور ارشد کے بلاک شناختی کارڈز ان بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے چاروں کے خلاف جاری اشتہاری کارروائی ختم کردی اور ان کے گرفتاری کے وارنٹ بھی واپس لے لیے۔سماعت کے دوران مقدمے میں نامزد ملزم ماہر خان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا، جس پر عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو ملزم کی وفات سے متعلق رپورٹ کی تصدیق کرکے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے میں نامزد ارشد عاقب، محبوب الرحمان، کامران اور خالد جان کے حوالے سے عبوری چالان تاحال موصول نہیں ہوئے۔پراسیکیوشن کے مطابق 9 مئی کو ملزمان نے جی ٹی روڈ پر فیملی پارک کے قریب احتجاج کیا تھا، اس دوران پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ تقریبا 10 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ پراسیکیوشن کے مطابق احتجاج کے معاملے پر صوبائی وزیر مینا خان آفریدی سمیت متعدد افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed