پشاور ہائیکورٹ نے تخت بائی میں نوعمر لڑکے سے بدفعلی کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔جسٹس وقار احمد نے تخت بھائی کے علاقے میں نوعمر لڑکے کو نشہ آور چیز سونگھ کر بے ہوش کرنے اور بدفعلی کا نشانہ بنانے کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت مدعی مقدمہ کے وکیل اسد خان شہزادہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ 17 جون 2026 کو متاثرہ لڑکے کو نشہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اسے برہنہ حالت میں چھوڑا گیا، جس پر تھانہ تخت بھائی میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ عدالت کو مزید بتایا گیا کہ ملزم کو ایف آئی آر میں براہ راست نامزد کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ اور دفعہ 164 کے تحت بیان بھی استغاثہ کے مقف کی تائید کرتے ہیں۔ ٹھوس شواہد موجود ہیں اس لیے ملزم ضمانت کا مستحق نہیں، لہذا درخواستِ ضمانت خارج کر دی جائے۔







