درہ آدم خیل کے علاقے اخوروال میں فاٹا یونیورسٹی کے قریب فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ مسافر کوچ گولیوں کی زد میں آنے سے تین مسافروں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد شینی کلی اور درہ آدم خیل ویلفیئر ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی زرولی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جبکہ حمید خان کو تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم واقعے کی وجوہات اور ملزمان کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔







