پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی اور 5 اگست کے احتجاجی پروگرام کے سلسلے میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان ڈیرہ اسماعیل خان پہنچیں، جہاں جی پی او چوک پر پی ٹی آئی کارکنوں اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔علیمہ خان کو ریلی کی صورت میں حق نواز پارک اور توپانوالہ چوک لایا گیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم شاہ، ایم این اے شاہد خٹک، خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آئی ٹی شفقت ایاز، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم محمد عثمان خان بیٹنی اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے عوام کے درمیان آئی ہوں،وہ گزشتہ تین برس سے قید ہیں اور گزشتہ نو ماہ سے قیدِ تنہائی میں ہیں،ان کی ایک آنکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے تحریک انصاف کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی اور سب سے زیادہ سختیاں پنجاب میں کی گئیں، ان کے مطابق عمران خان کو یقین ہے کہ عوام باشعور ہو چکے ہیں اور نوجوان نسل ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے گی۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان جیل میں رہتے ہوئے ملک کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اس لیے کارکنوں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔







