جنوبی وزیرستان میں دو الگ الگ ڈرون حملے، پانچ افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی، علاقے میں خوف و ہراس۔مقامی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان آپر میں دو الگ الگ ڈرون حملوں کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ سات افراد شدید زخمی ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شام جنوبی وزیرستان سب ڈویژن لدھا کے علاقے سراروغہ، احمد وام میں رات کی تاریکی میں نامعلوم افراد نے مقامی خانہ بدوش خاندان کی عارضی رہائش گاہ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے رزمک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسرا ڈرون حملہ آج صبح جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے مومی کڑم سلویشتی میں پیش آیا، جہاں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لیے سام پرائیویٹ کلینک منتقل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں ڈرون حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کے واقعات کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات اور خوف کا شکار ہے۔ مقامی قبائلی رہنماں ملک گل بدین اور ملک سعید انور نے ان واقعات کے حوالے سے 11 اگست کو بمقام سام میں تمام محسود قبائل کا گرینڈ جرگہ طلب کر لیا ہے، جس میں حالیہ ڈرون حملوں اور علاقے کی مجموعی صورتحال پر غور و خوض کرکے آئندہ کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔







