چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ، محمد شاہد حسین نے ٹوبیکو ریسرچ سب اسٹیشن مانسہرہ کے دورے کے دوران موصول ہونے والی اطلاعات کا فوری نوٹس لیا جن کے مطابق مانسہرہ سے غیر قانونی طور پر تمباکو کی ترسیل بابوسر ٹاپ اور چلاس کے راستے گلگت بلتستان کی جا رہی تھی۔ اطلاعات موصول ہوتے ہی چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گلگت کا دورہ کیا۔گلگت میں چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ، محمد شاہد حسین نے اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ، وسیم، اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی ٹیم کے ہمراہ، جس میں ڈائریکٹر پاکستان ٹوبیکو بورڈ بھی شامل تھے، گلگت کے علاقے جگلوٹ میں ایک غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کے گودام پر اچانک چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران غیر قانونی سگریٹ فیکٹری سے سگریٹ بنانے کی مکمل مشینری، آلات، خام مال اور دیگر سامان برآمد کیا گیا، جبکہ گودام سے ہزاروں کلوگرام پروسیس شدہ تمباکو بھی برآمد ہوا۔ موقع پر موجود ریکارڈ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ نے غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کے گودام کو فوری طور پر سیل کر دیا، جبکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

بعد ازاں چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے ملاقات کی اور انہیں غیر قانونی تمباکو کی ترسیل، ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی سگریٹ سازی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے درخواست کی کہ مانسہرہ، چلاس اور گلگت بلتستان سے ملحقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ غیر قانونی تمباکو گوداموں اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ، محمد شاہد حسین نے کہا کہ بعض عناصر تمباکو کاشتکاروں سے ڈیلروں کے ذریعے کم قیمت پر تمباکو خرید کر اسے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرتے ہیں اور بعد ازاں اسی تمباکو سے غیر قانونی سگریٹ تیار کرکے کروڑوں روپے کا ناجائز منافع کما رہے ہیں۔ اس غیر قانونی عمل سے نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ تمباکو کاشتکار بھی اپنے جائز حق سے محروم ہو رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ تمباکو کاشتکاروں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا اور ان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیلروں کو سستے داموں تمباکو خریدنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ غیر قانونی سگریٹ سازی، غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں تمباکو کی خریداری، ترسیل اور تجارت کو قانونی ضابطوں کے مطابق یقینی بنایا جائے گا تاکہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہو، غیر قانونی تجارت کا خاتمہ کیا جا سکے اور قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔







