ڈیڈیک چیئرمین ضلع پشاور و رکن صوبائی اسمبلی شیر علی آفریدی نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ محکمہ صحت ڈینگی کی روک تھام کے لیے بروقت سپرے اور دیگر احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ شہری اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سرکاری افسران عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور فرائض میں غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر برائے ٹرانسپورٹ سمیع اللہ، رکن صوبائی اسمبلی قاسم علی شاہ، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ، ٹرانسپورٹ، سوشل ویلفیئر، ایریگیشن، فشریز، زراعت، واٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے منصوبہ جات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈیڈیک چیئرمین شیر علی آفریدی نے بریفنگ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو عوامی مسائل کے فوری حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سرکاری خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، لہذا تمام محکموں کے افسران دیانتداری، شفافیت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ عوام کو سرکاری دفاتر میں بروقت اور بلا تعطل سہولیات میسر آ سکیں۔ڈیڈیک چیئرمین نے تمام محکموں کے درمیان موثر رابطوں اور باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بین المحکماتی امور کو مربوط انداز میں نمٹایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ انہوں نے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔اجلاس کے اختتام پر انہوں نے محکمہ صحت کو پشاور میں ڈینگی سے بچائو کے لیے فوری اور موثر سپرے مہم شروع کرنے، جبکہ محکمہ تعلیم کو تعلیمی امور اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔







