جنوبی وزیرستان میں غیر قانونی پٹرولیم ترسیل روکنے کا مطالبہ

جنوبی وزیرستان(نمائندہ کسوٹی )

اوگرا قوانین کی خلاف ورزی، غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل روکنے کا مطالبہ جنوبی وزیرستان اپر میں نان کسٹم پیڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مبینہ غیر قانونی ترسیل کا سلسلہ جاری رہنے پر قانونی پیٹرول پمپ مالکان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف اوگرا (OGRA) کے قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے بلکہ قانونی کاروبار کرنے والے پیٹرول پمپ مالکان کو بھی شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق آئل ٹینکرز کے ذریعے مبینہ طور پر غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کافی عرصے سے جاری ہے، جبکہ سمگلر مافیا مبینہ طور پر ان مصنوعات کو جنوبی وزیرستان اپر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی ڈبہ اسٹیشنوں کو سپلائی کر رہے ہیں، جس کے باعث اوگرا قوانین پر عمل کرنے والے قانونی پیٹرول پمپ مالکان کو مشکلات کا سامنا ہے۔اس حوالے سے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) حکام کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو تحریری مراسلہ بھی ارسال کیا جا چکا ہے۔مراسلے میں پی ایس او حکام نے اپنے منظور شدہ پیٹرول پمپس کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ صرف قانونی دستاویزات رکھنے والے اور کمپنی و اوگرا کے قواعد و ضوابط پورے کرنے والے پیٹرول پمپس کو ہی پیٹرولیم مصنوعات فراہم کی جائیں، جبکہ غیر قانونی طریقے سے منتقل کی جانے والی مصنوعات کے خلاف کارروائی کی جائے۔پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے بھی متعلقہ اداروں کو قوانین اور ضابطہ کار سے متعلق تفصیلات جاری کی گئی ہیں، لیکن اس کے باوجود مبینہ غیر قانونی سپلائی کا سلسلہ نہیں رک سکا۔انہوں نے ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی وزیرستان اپر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو سخت ہدایات جاری کریں تاکہ اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed