امریکا کے مسلسل 13ویں رات ایران پر حملے، 4افراد جاں بحق

امریکی فوج نے مسلسل 13 ویں رات بھی ایران کے مختلف شہروں پر حملے کیے جن میں مواصلاتی نیٹ ورکس اور بحری عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے، ان حملوں میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے،اس طرح امریکی فضائی حملوں کے دوبارہ آغاز کے بعد سے 55 افراد جاںبحق اور629 افراد زخمی ہو چکے ہیں،جبکہ ایران نے قشم جزیرے پر پرواز کرنیوالا طیارہ مار گرانے اور ایک ٹام ہاک میزائل کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے اور جوابی کارروائی کے طورپر کویت ،اردن اور بحرین میں امریکی فوجی اہداف پر حملے کئے گئے ہیں ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جمعہ کی صبح ایران کے جن علاقوں سے دھماکوں اور فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں ان میں بندر عباس، اہواز، امیدیہ، جاسک، قشم، اندیمشک، خرم آباد، خنداب، بروجرد، فیروزآباد، تفت اور نائین شامل ہیں۔امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹ کام کی جانب سے امریکی فضائی حملوں کے اختتام کے اعلان کے کچھ دیر بعد جنوبی ایرانی شہر اہواز کے حکام نے بتایا کہ ان حملوں میں چار افراد شہید جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بندر عباس شہر پر امریکی میزائل حملوں کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔صوب ہرمزگان کی ہلالِ احمر سوسائٹی کے سربراہ کے مطابق یہ دونوں افراد تپہ اللہ اکبر نامی علاقے میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل ایران کی وزارتِ صحت کے اطلاعاتی مرکز کے سربراہ حسین کرمان پور نے بتایا تھا کہ امریکی فضائی حملوں کے دوبارہ آغاز کے بعد سے 55 افراد شہید جبکہ 629 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔اس سے قبل سینٹ کام نے بیان میں کہا کہ اس نے مسلسل 13ویں رات ایران پر حملے کیے ہیں، ان حملوں میں ایرانی فوج کے کمانڈ مراکز، ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، مواصلاتی نیٹ ورکس، ساحلی نگرانی کی تنصیبات اور ایرانی بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔امریکی فوج کے مطابق ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے ایران سے لاحق خطرے کو مزید کم کرنا ہے۔سینٹ کام کا دعوی ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی حالیہ کارروائیوں کے باوجود آبنائے ہرمز جہاز رانی کے لیے کھلی ہوئی ہے اور امریکی فوج کی معاونت کے ساتھ تجارتی جہاز بدستور آبنائے ہرمز سے آزادانہ طور پر گزر رہے ہیں۔سینٹکام کے مطابق اس وقت مشرقِ وسطی میں 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔دوسری جانب ایران نے قشم جزیرے پر پرواز کرنیوالا طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا ہے۔ ملبہ جلتاہوا گرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اس کے علاوہ ایران نے صوبہ کرمان پر امریکا کی جانب سے داغا گیا ٹام ہاک میزائل بھی فضا میں تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ایران نے کویت میں امریکی فوجی اڈے پر بھی میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے ہیں ۔ کویت میں بھی سائرن کی آوازیں گونج اٹھیں۔ایران کی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایران نے ڈرون حملوں کے ذریعے اردن اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے آپریشن صاعقہ کے 24ویں مرحلے میں جمعہ کی علی الصبح بحرین کی شیخ عیسی ائیر بیس پر واقع امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں ایندھن کے ذخائر، گودام اور فوجیوں کی رہائش گاہیں شامل ہیں۔بیان کے مطابق اسی آپریشن کے دوران اردن کی الازرق ائیر بیس پر بھی ڈرون حملے کیے گئے، جہاں طیاروں کے ہینگر اور امریکی فوجیوں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔بحرین میں خطرے سے خبردار کرنے والے سائرن بجنے کے بعد وزارت داخلہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور فوری طور پر قریبی محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed