حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بے ضابطگیاں اور غیرقانونی تقرریوں، اپ گریڈیشن اور مالی معاملات سے متعلق اوپن انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ادارے کے ڈین، ہسپتال ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران کو طلب کرتے ہوئے تحریری جواب سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔اینٹی کرپشن کے مطابق انکوائری میں مبینہ غیرقانونی تقرریاں، اپ گریڈیشن کا عمل، مالی بے ضابطگیوں کے الزامات، فنانس اور آڈٹ سے متعلق معاملات، سپلائی چین مینجمنٹ، ڈائریکٹر ریسرچ کی تقرری اور میڈیکل منیجر اور فارمیسی انچارج کی تعیناتی شامل ہیں۔تحقیقات کے لیے متعلقہ سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن نے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔اوپن انکوائری کا مقصد دستیاب ریکارڈ، تقرریوں کے طریقہ کار اور متعلقہ حکام کے مقف کا جائزہ لینا ہے۔ اس مرحلے پر کسی فرد یا ادارے کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوئے ہیں، اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی نتائج سامنے آئیں گے۔







