شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، کرنل ریٹائرڈ ملک منظور الٰہی

پشاور: شاہین ہائوسنگ سوسائٹی پشاور کے رہائشیوں کی بڑی تعداد پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے کمیٹی کے رکن ضیا اللہ خان کی قیادت میں جنرل منیجر شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کرنل ریٹائرڈ ملک منظور الٰہی سے ملاقات کی اور سوسائٹی کے رہائشیوں کو درپیش بنیادی مسائل کے حوالے سے ایک تفصیلی یادداشتی خط پیش کیا۔وفد نے انتظامیہ کی جانب سے فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر، ٹیوب ویل کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے، چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی اور سیلابی پانی سے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے رہائشیوں کو نمایاں ریلیف ملا ہے۔

اس موقع پر ضیا اللہ خان نے کہا کہ شاہین ہاسنگ سوسائٹی میں پلاٹوں کی فروخت کے وقت انتظامیہ نے علیحدہ بجلی کے فیڈر، بلا تعطل بجلی اور چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم موجودہ صورتحال میں رہائشی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، غیر قانونی کنکشنز کی وجہ سے کم وولٹیج، بجلی کی بار بار بندش اور گیس کی غیر تسلی بخش فراہمی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ سوسائٹی کو اس کے اصل فیڈر سے منسلک کرکے بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے، غیر قانونی کنکشنز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے، مین داخلی سڑک اور اندرونی گلیوں کی تعمیر مکمل کی جائے، مسجد کے لیے الگ سولر سسٹم اور ایئر کنڈیشننگ کا انتظام کیا جائے، جدید اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں، ہر گلی میں ویسٹ بن رکھے جائیں اور تمام مسائل کے حل کے لیے واضح ٹائم لائن دی جائے۔ جنرل منیجر شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کرنل ریٹائرڈ ملک منظور الٰہی نے وفد کو یقین دلایا کہ رہائشیوں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کو پشاور کی بہترین، جدید اور مثالی رہائشی سوسائٹیوں میں شامل کرنا ہے، اور اس مقصد کے لیے رہائشیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

وفد نے انتظامیہ کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پیش کیے گئے مطالبات پر جلد عملی پیش رفت ہوگی، جس سے رہائشیوں کو درپیش مشکلات کا مستقل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed