فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے لیے سلووینیا کے تجربہ کار ریفری اسلاوکو وینچیچ کی بطور مرکزی ریفری تقرری نے ایک جذباتی منظر پیش کر دیا۔ ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان 19 جولائی کو نیویارک میں کھیلے جانے والے فائنل کے لیے ان کے نام کا اعلان ہوتے ہی وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ اس موقع پر وہاں موجود دیگر ریفریز نے انہیں مبارک باد دی اور ان کے اس یادگار لمحے کو سراہا۔عام طور پر فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں کھلاڑیوں کے جذبات کو زیادہ توجہ دی جاتی ہے، لیکن اسلاوکو وینچیچ کے آنسوں نے یہ ثابت کر دیا کہ اس عالمی مقابلے کا حصہ بننا ریفریز کے لیے بھی کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں ہوتا۔ دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال ایونٹ کے فائنل میں ذمہ داریاں سنبھالنا ہر ریفری کے کیریئر کا ایک اہم ترین لمحہ سمجھا جاتا ہے۔







