مردان پاسپورٹ آفس کے نئے انچارج بلال شاہ نے کہا ہے کہ وزارتِ داخلہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے تمام تر ضروری سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کر دی گئی ہیں، تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ کے طریقہ کار کو مزید آسان اور شفاف بنانے کے لیے وزارتِ داخلہ کے احکامات کے مطابق مقررہ سرکاری فیس اب ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے جمع کرانے کی جدید سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کے وقت کی بچت اور بینکوں کی لمبی لائنوں سے نجات دلانا ہے۔بلال شاہ نے کہاکہ مقررہ سرکاری فیس کے علاوہ شہری کسی بھی شخص کو ایک روپیہ بھی اضافی ادا نہ کریں۔ پاسپورٹ آفس میں کرپشن اور ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔انہوں نے مزید تاکید کی کہ اگر کسی شہری کو پاسپورٹ کے حصول میں کوئی مشکل پیش آئے یا کوئی اضافی رقم کا مطالبہ کرے، تو وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں براہِ راست ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کر سکتا ہے، جس پر فوری اور سخت ایکشن لیا جائے گا۔







