وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی کے ہمراہ پشاور سنٹرل جیل کا دورہ کیا، جہاں آمد پر جیل حکام نے ان کا استقبال کیا، سلامی پیش کی اور گلدستہ بھی پیش کیا۔دورے کے دوران جیل انتظامیہ نے معاون خصوصی کو قیدیوں کے لیے روزانہ خوراک کے مینیو، غذائی معیار، تیاری کے طریقہ کار اور مجموعی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں ڈاکٹر محمد اسرار خان نے جیل کچن، فوڈ اسٹوریج، صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار کا جائزہ لیا۔معاون خصوصی نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کے مجموعی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خوراک کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور قیدیوں کو ہر صورت معیاری، متوازن اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ قیدی بھی انسان ہیں اور انہیں معیاری خوراک سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خوراک کے معیار، صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ قیدیوں کو ہر وقت محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک فراہم کی جا سکے۔







