امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے ساحلی علاقے کورولا کے ساحل پر بڑی تعداد میں پراسرار طور پر سیب بہہ کر آنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ یہ ممکنہ طور پر سمندر میں گزرنے والے کسی کارگو جہاز سے گر گئے تھے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگلی گھوڑوں کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی تنظیم کورولا وائلڈ ہارس فنڈ کو اطلاع ملی کہ ساحل پر بڑی تعداد میں سیب بکھرے ہوئے ہیں۔ تنظیم کے اہلکار جب موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ سیب کسی نے ساحل پر نہیں پھینکے بلکہ وہ سمندر کی لہروں کے ساتھ بہہ کر کنارے پر آ رہے تھے۔تنظیم نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ غالب امکان ہے کہ یہ سیب سمندر میں سفر کرنے والے کسی کارگو جہاز سے گر کر پانی میں بہہ گئے اور بعد ازاں ساحل تک پہنچ گئے۔تنظیم کے ملازمین اور رضاکاروں نے متعدد تھیلوں میں سیب جمع کیے، جبکہ ساحل کی صفائی کرنے والے دو افراد کو بعد میں مزید سیب اور کچھ سنگترے بھی ملے۔







