شعیب جمیل
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں چین میں پاکستان کے سفارت خانے نے بیجنگ میں شاندار پاکستان چین شاہراہِ ریشم آم میلے کا انعقاد کیا۔ تقریب پاکستان ہاس میں ایشیا،افریقہ تجارتی فروغ دفتر کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں سرکاری حکام، سفارتی شخصیات، کاروباری رہنما، ذرائع ابلاغ کے نمائندے، فنکار، ثقافتی و تجارتی اداروں کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ میلے میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آم اور آم سے تیار کردہ مختلف مصنوعات پیش کی گئیں، جن کے ذریعے پاکستان کی زرخیز زرعی صلاحیت اور اعلی معیار کے پھلوں کی برآمدات کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے آم کو پھلوں کا بادشاہ اور پاکستان کی ثقافتی شناخت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آم اپنی منفرد خوشبو، بے مثال مٹھاس اور ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی آم ملک کی مہمان نوازی، خلوص اور دوستی کی روایت کی نمائندگی کرتے ہیں، جبکہ چینی عوام کے ساتھ ان کا اشتراک دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کا مقصد پاکستانی ثقافت، تجارت اور روایتی ذائقوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر متعارف کرانا ہے۔تقریب میں بیجنگ اور چین کے دیگر شہروں سے اعلی چینی حکام،چین بین الاقوامی ثقافتی تبادلہ مرکزکے چیئرمین لونگ یوشیانگ،ڈونگ ای ای جیاو کمپنی کے نائب صدر لیو گوانگ یوان،چین فروٹ مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر، سفارتی برادری کے ارکان، پاکستانی آم کے کاشتکاروں اور برآمد کنندگان سمیت متعدد ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

شرکا نے چین میں پاکستان کی ثقافت اور زرعی شعبے کے فروغ کے لیے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر آم کی تجارت اور رسد کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ایک مفاہمتی یادداشت چائنا اولے اعلیٰ معیار کی سپر مارکیٹ اور تیان جن مڈ ٹرانس انٹرنیشنل کمپنی جبکہ دوسری ہائنان جیاو لونگ ٹیکنالوجی کمپنی اورآر آئی سی نیکسس کے درمیان طے پائی۔ ان معاہدوں کو پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔تقریب میں معروف پاکستانی موسیقی بینڈ کلتور اور پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلبہ نے پاکستانی اور چینی روایتی گیت پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔

مہمانوں کی تواضع پاکستان کے چار مشہور آموں سندھڑی، چونسہ، انور رٹول اور دسہری سے کی گئی، جن کے منفرد ذائقے اور خوشبو کو شرکا نے بے حد پسند کیا۔یہ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے منعقد کیا جانے والا دوسرا آم میلہ تھا، جو پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید عوامی اور ثقافتی رنگ دینے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین ثقافتی، زرعی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی تجدید کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔







