آئندہ 3ماہ عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنے کے مہینے ہیں،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت اور فلاح ہے، عوام دوست بجٹ میں عوامی ضروریات اور احساسات کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنے کے مہینے ہیں اور عوام کا اطمینان ہی حکومت کی کارکردگی کا اصل پیمانہ ہوگا۔صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سال 2025 کے آخری کابینہ اجلاس میں عوام دوست بجٹ کی تیاری پر پوری حکومتی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف پریزنٹیشنز اور رپورٹس سے کام نہیں چلے گا بلکہ عوام کو عملی نتائج نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں متعلقہ پارلیمنٹیرینز کی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبوں پر شفاف اور مؤثر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکیوزیراعلیٰ نے 2400 ڈاکٹرز کی بھرتیوں سے متعلق شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود ان شکایات کا جائزہ لیا ہے اور امیدواروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی شکایات وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں جمع کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کی ہر شکایت سنے، جائز شکایات کا ازالہ کرے اور ہر امیدوار کو مطمئن کرے۔انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والی متعدد شکایات امیدواروں کے موبائل نمبر، نام اور پی ایم ڈی سی رجسٹریشن نمبر کی درستگی سے متعلق تھیں، جبکہ میرٹ سے متعلق تقریباً 21 شکایات موصول ہوئیں۔ ان شکایات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بھرتیوں کو مقررہ معیار کے مطابق درست قرار دیا گیا، تاہم بعض امیدواروں کو بھرتی کے طریقہ کار اور مقررہ معیار سے مکمل آگاہی نہیں تھی۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر کسی امیدوار کی شکایت ابھی تک زیر غور نہیں آئی تو وہ ثبوت کے ساتھ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سے رجوع کرے، ہر شکایت کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی ثابت ہوئی تو اسے انصاف فراہم کیا جائے گا، اور 2400 ڈاکٹرز کی بھرتیاں مکمل ہونے کے بعد بھی جائز شکایت ثابت ہونے والے امیدوار کو ایڈجسٹ کیا جائے گامحمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں ڈاکٹرز کی کمی کے پیش نظر کسی بھی اہل امیدوار کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، جبکہ بھرتی شدہ ڈاکٹرز کو جلد از جلد تعینات کیا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کی بہتر اور بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق شفافیت، میرٹ اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس حکومت کی بنیادی پالیسی ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed