خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس کے اعلی انتظامی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے متعدد اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کے تبادلے اور نئی تعیناتیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ابتدائی مرحلے میں کئی اضلاع میں نئے پولیس سربراہ تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ بعض افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔خیبرپختونخوا پولیس میں بڑے تبادلے و تقرر کے حکومتی فیصلے کے مطابق سونیا شمروز خان کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ تعینات کر دیا گیا، ان کے علاوہ رفعت اللہ خان کو ڈی پی او چارسدہ ، ریشم جہانگیر کو ڈی پی او لوئر چترال تعینات کیا گیا۔حالیہ تبادلوں میں محمد فرقان بلال کو ڈی پی او بنوں کی ذمہ داریاں سونپی گئیں، ان کے علاوہ اکرام اللہ کو ڈی پی او شانگلہ ، سید طلال احمد شاہ کو ڈی پی او لوئر دیر اور رائے مظہر کو ضلع کوہاٹ کا نیا ڈی پی او مقرر کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ضلع نوشہرہ میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈی پی او احمد شاہ کی جگہ سونیا شمروز کو نوشہرہ کی نئی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تبادلوں کا مقصد مختلف اضلاع میں پولیس کی کارکردگی کو مزید مثر بنانا، امن و امان کی صورتحال بہتر کرنا اور عوام کو بہتر پولیسنگ کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔







