کہوٹہ میں جیل منتقلی کے دوران قیدی وین سے 14 قیدی فرار ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق عدالت پیشی کے بعد قیدیوں کو اڈیالا جیل منتقل کیا جارہا تھا کہ قیدی وین کو چیکنگ کیلئے روکا گیا تو ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ کہوٹہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور فرار ہونے والے 4 قیدی دوبارہ گرفتار کرلیے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کہوٹہ کے داخلی و خارجی راستے سیل کردیے گئے اور سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی۔دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے تصدیق کی کہ فرار قیدیوں میں سے 4 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ فرار ہونے والے دیگر قیدیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔







