آئرلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دیکر دو میچز کی سیریز 0ـ2 سے وائٹ واش کردیا، اس کامیابی کے ساتھ ہی عالمی چیمپئن بھارت کی تقریباً 3 برسوں پر محیط 16 مسلسل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کی روایت بھی ختم ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے،ہیری ٹیکٹر نے اپنے 100ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 53 رنز اسکور کیے جبکہ بین کیلٹز کے ساتھ ان کی 65 رنز کی شراکت نے ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔بھارت کی جانب سے پرنس نے اپنے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو پر عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شیوم دوبے نے اہم موقع پر مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں لے کر آئرلینڈ کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کی،155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ آئرلینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جے مونڈرا نے پہلی ہی گیند پر سنجو سیمپسون کو آؤٹ کیا اور اسی اوور میں ابھیشیک شرما کو بھی پویلین بھیج دیا۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں یہ صرف چوتھا موقع تھا جب کسی ٹیم کے دونوں اوپنرز گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں پہلی بار بھارت کے دونوں اوپنرزگولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔مونڈرا نے بعد میں شریاس آئیر کی وکٹ بھی حاصل کی جبکہ ان کی گیند پر ایشان کشن رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بھارت کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 35 رنز ہوگیا،مشکل صورتحال میں تلک ورما نے 46 گیندوں پر 55 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی اور اکشر پٹیل کیساتھ شراکت قائم کرکے بھارت کو مقابلے میں واپس لانے کی کوشش کی تاہم میٹ ہالرڈ نے اکشر کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔اختتامی اوورز میں آئرلینڈ کے بولرز نے دباؤ برقرار رکھا،تلک ورما کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 9 وکٹوں پر 153 رنز تک محدود رہی،آئرلینڈ کی جانب سے جے مونڈرا اور میٹ ہالرڈ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیںجبکہ ہیری ٹیکٹر کو ان کی نصف سنچری پر میچ کا نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس تاریخی فتح کے ساتھ آئرلینڈ نے نہ صرف عالمی چیمپئن بھارت کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست دی بلکہ پہلی بار بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ بھی مکمل کیا۔







