حالیہ دنوں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پاکستانـافغانستان سرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مربوط زمینی کارروائی اور بعد ازاں انتہائی درست فضائی حملے کیے جن میں مجموعی طور پر 29 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق 28 جون کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں پاکـافغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ ہائی ویلیو خوارجی کمانڈر خان فروش عرف زبال سمیت بھارتی سرپرستی میں سرگرم جماعت الاحرار کے تین دہشت گرد مارے گئے ،متعدد زخمی ہوئے۔ آپریشن ”غضبْ للحق”کے تسلسل میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 28 اور 29 جون کی درمیانی شب پاکـافغان سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مراکز اور محفوظ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں واقع تین دہشت گرد ٹھکانے درست نشانہ بندی کے ذریعے تباہ کر دیے گئے جن میں مزید 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مراکز میں موجود بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے تاہم اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور کردہ حکمت عملی عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔







