ایڈوکیٹ جنرل آفس، خیبر پختونخوا کے پرائیویٹ سیکرٹری منظور حسین اور دیگر عملے نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے جوڈیشل اور یوٹیلیٹی الائونس میں 100 فیصد تک اضافہ کیا جائے۔ملازمین کے مطابق 2009 میں صوبائی حکومت اور محکمہ فنانس کی طرف سے ایڈوکیٹ جنرل آفس کے ملازمین کو 20 فیصد جوڈیشل الانس اور 10 فیصد یوٹیلیٹی الانس منظور کیا گیا تھا، تاہم بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں یہ الانس اب ناکافی ہیں۔ منظور حسین کا کہنا ہے کہ 2019 میں صوبائی حکومت نے سیکرٹریٹ کے ملازمین کے الانسز میں اضافہ کر کے اسے 50 فیصد کیا، جس کے بعد 2023 میں اسے 100 فیصد تک بڑھا دیا گیا، لیکن ایڈوکیٹ جنرل آفس کے ملازمین تاحال پرانے 30 فیصد الانس ہی لے رہے ہیں جبکہ پنجاب اور سندھ میں ایڈوکیٹ جنرل افس کے ملازمین سو فیصد سے زائد سپیشل جوڈیشل الاونسز لے رہے ہیں ۔منظور حسین کے مطابق، سروس ٹریبونل خیبر پختونخوا نے ایڈوکیٹ جنرل آفس کے ملازمین کے حق میں 100 فیصد الانس کی منظوری دے دی ہے، جس پر عمل درآمد کے لیے فیصلے کی نفاذ کی ایک درخواست بھی فائل ہو چکی ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت، سیکرٹری فنانس اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ عدالت اور ٹریبونل کے فیصلوں کی روشنی میں ایڈوکیٹ جنرل آفس کے ملازمین کے الانسز میں اضافہ کیا جائے تاکہ دیگر سرکاری ملازمین کے ساتھ ان کے الانسز میں پایا جانے والا تضاد ختم ہو سکے۔







