وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا۔فنانس بل کے مطابق نئے پے اسکیلز میں 2022کے 15فیصد اور 2025کے 10فیصد ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا، تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7فیصد ایڈہاک ریلیف الائونس دیا جائے گا، اسکیل ایک اور 22تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الائونس 2026بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد ملے گا۔فنانس بل کے مطابق کنوینس الائونس میں موجودہ رقم سے 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ سول آرمڈ فورسز کیلئے کانسٹینٹ اٹینڈنٹ الائونس 7000روپے سے بڑھا کر 30000روپے کردیا گیا ہے،کابینہ ڈویژن کے افسران اور عملے کی اسپیشل پے 6000روپے سے بڑھا کر 20ہزار روپے ماہانہ کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے اسکیل ایک تا 22 کے ملازمین کا اسپیشل الائونس 10 سے بڑھا کر 50 فیصد کردیا گیا ہے۔اسپیشل کنوینس الائونس 6000روپے سے بڑھا کر 10ہزار روپے کردیا گیا جبکہ تمام پنشنرز کی بیس لائن پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا جائیگا اور یہ تمام ریلیف اقدامات یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔







