خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کے والدین، سرپرستوں اور سکول وین ڈرائیورز کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ سامنے آگیا ہے۔شہریوں کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کے مرکزی دروازوں کے قریب والدین اور ڈرائیورز کے لیے مناسب انتظار گاہیں (ویٹنگ ایریاز)، سایہ دار شیڈز، پنکھے اور صاف پینے کے پانی کے لیے واٹر کولرز فراہم کیے جائیںتاکہ چھٹی کے اوقات بلخصوص گرمیوں کے مہینوں میں شدید گرمی اور دھوپ کے باعث والدین اور ڈرائیورز کو بچوں کے پک اینڈ ڈراپ کے دوران 20 سے 35 منٹ یا اس سے زائد وقت تک سکول گیٹ کے باہر انتظار کرنا پڑتا ہے۔ امتحانات اور دیگر خصوصی مواقع پر یہ دورانیہ مزید بڑھ جاتا ہے جبکہ بیشتر سکولوں میں سایہ، بیٹھنے کی جگہ یا پینے کے پانی کی سہولت موجود نہیں ہوتی۔ عوامی مفاد کے پیشِ نظر تمام سرکاری سکولوں کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ والدین، بزرگ شہریوں، خواتین اور ڈرائیورز کے لیے مناسب انتظار گاہوں، پنکھوں، بیٹھنے کی سہولت اور صاف پینے کے پانی کا انتظام یقینی بنایا جا سکے۔







