پاکستان ریلویز نے مزید 15 ٹرینیں آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے باقاعدہ اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ۔ لاہور یں ٹرینوں کی نیلامی 16 جون کو ریلوے ہیڈکوارٹر میں کی جائے گی جہاں اوپن بولی کے ذریعے عمل مکمل کیا جائے گا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ٹرینوں کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے بعض نجی کمپنیوں کو اہل قرار دیا گیا ہے، جن ٹرینوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بہاالدین زکریا ایکسپریس، راوی ایکسپریس، لاثانی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، نارووال پسنجر، سیالکوٹ ایکسپریس اور فیض احمد فیض پسنجر شامل ہیں۔اس سے قبل بھی بعض ٹرینوں کو آئوٹ سورس کرنے کیلئے اوپن نیلامی کی گئی تھی، تاہم اس عمل میں محدود دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ ذرائع کے مطابق صرف چند ٹرینوں کی بولی دی گئی جبکہ دیگر ٹرینوں کے لئے کسی کمپنی نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق ایک کمپنی نے میانوالی ایکسپریس حاصل کرنے کے بعد کچھ عرصے میں ہی مختلف وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اسے واپس کر دیا تھا۔







