پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پارکو کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا

پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بحالی اور فروغ کے لیے ایک سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان عرب ریفائنری لمیٹڈ کے مابین ملک بھر میں کوچنگ کی ترقی اور ہاکی سے وابستہ دیگر سرگرمیوں کو دستِ تعاون فراہم کرنے کے لیے ایک تاریخی شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے پر دستخط کی باوقار تقریب میں آئی پی سی سیکرٹری، ڈی جی پی ایس بی و پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی ،سیکرٹری پٹرولیم حامد یعقوب شیخ، منیجنگ ڈائریکٹر پارکو ارتضیٰ شاہ، چیئرمین پارکو، دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام اور قومی تربیتی و سلیکشن کیمپ میں موجود پاکستان انڈرـ21 جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ دو سالہ معاہدے کے تحت پارکو پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ملک بھر میں کوچنگ ایجوکیشن پروگرامز، کوچز کی پیشہ ورانہ تربیت اور ہاکی کی دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے 10 کروڑ (100 ملین) روپے کی مالی امداد فراہم کرے گا۔ یہ شراکت داری فیڈریشن کے ملک گیر کوچنگ فریم ورک کے تحت کام کرنے والے کوچز کے وظائف کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس شراکت داری کو پاکستان میں ہاکی کے ڈھانچے کی ازسرنو تعمیر، کوچنگ کی مہارت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے ایک بہترین اور دوررس اقدام قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوچنگ کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق بنانا اور ایک متحد کوچنگ سسٹم کا قیام، مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو نکھارنے اور عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب میں قومی کیمپ میں شریک پاکستان انڈرـ21 جونیئر ہاکی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی موجودگی اس بات کی عکاس تھی کہ پی ایچ ایف اور پارکو پاکستان ہاکی کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور نوجوان ایتھلیٹس کو پائیدار مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی کھیل کی ترقی کے لیے گہری دلچسپی، وڑن اور تعاون پر سیکریٹری پٹرولیم جناب حامد یعقوب شیخ، ایم ڈی پارکو جناب ارتضیٰ شاہ، چیئرمین پارکو اور پارکو کی پوری انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔دونوں اداروں نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری نچلی سطح اور اعلیٰ سطح پر ہاکی کے فروغ میں انتہائی سودمند ثابت ہوگی۔ تقریب میں طے پایا کہ پروگرام کے کامیاب نفاذ اور مقررہ اہداف کے حصول کے بعد، اس باہمی تعاون کی مدت میں دو سال سے زائد کی توسیع بھی کی جا سکے گی۔یہ تاریخی شراکت داری پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھیل کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کوچنگ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور پاکستان ہاکی کی طویل مدتی بحالی کی بنیاد رکھنے کی جاری کوششوں میں ایک اور اہم ترین سنگ میل ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed