نوشہرہ میں خوفناک آتشزدگی’کلاتھ مارکیٹ راکھ کا ڈھیر بن گئی

نوشہرہ کی کلاتھ مارکیٹ میں گزشتہ رات لگنے والی ہولناک آگ نے کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا، کمبل، جوتے اور دیگر تجارتی سامان جلا کر راکھ کر دیا، جبکہ مارکیٹ میں قائم سینکڑوں دکانیں شدید متاثر ہوئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے مسلسل آٹھ گھنٹے تک آپریشن جاری رکھا، جس کے بعد آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔آتشزدگی کے نتیجے میں کلاتھ مارکیٹ کی تہہ بازاری میں قائم تمام دکانیں مکمل طور پر جل گئیں جبکہ تہہ بازاری سے ملحق متعدد پکی دکانیں بھی شدید نقصان کا شکار ہوئیں۔ تاجروں کے مطابق مارکیٹ میں موجود کپڑا، کمبل، جوتے اور دیگر سامان مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔واقعے کے بعد متاثرہ تاجروں نے شوبرا چوک پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے شفاف انکوائری کرائی جائے اور ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔تاجروں نے حکومت سے فوری مالی امداد، نقصانات کے ازالے، کرایوں میں ریلیف اور متاثرہ کاروباری افراد کے لیے نئی دکانوں کی تعمیر کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔انجمن تاجران کے رہنماں کا کہنا ہے کہ سینکڑوں خاندانوں کا روزگار اس مارکیٹ سے وابستہ تھا اور آتشزدگی کے باعث متعدد کاروباری افراد معاشی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔دوسری جانب متعلقہ اداروں نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاحال آتشزدگی کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed